آرمی چیف سے پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

143
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گیلمور ملاقات کررہی ہیں

راولپنڈی (اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون ، مجموعی علاقائی صورتحال بشمول افغانستان میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کی خواہش رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں عالمی سطح پر ہم آہنگی کی ضرورت ہے تاکہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کے ذریعے مل کر انسانی بحران سے بچا جا سکے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے افغانستان کی صورتحال اور بالخصوص انخلا آپریشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔