حکومت کے جانے کا وقت آگیا،مزید برداشت نہیں کرسکتے،شہباز شریف

302

لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی جلسوں میں اداروں کے سربراہان کے خلاف نعرے لگانا قومی مفاد کے خلاف ہے‘ جس نے فیصل آباد جلسے میں نعرے لگائے اس کا پارٹی سے تعلق نہیںحکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لیے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے‘ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے‘ اس کو مزید برداشت نہیں کریں گے‘ یہ حکومت عوام اور آئی ایم ایف دونوں کو دھوکا دے رہی اور جھوٹ بول رہی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے خلاف اپوزیشن متحرک ہوچکی ہے‘ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے جبکہ بے روزگاری عروج پر ہے‘ آئے روز مہنگائی کے بم عوام پر گرائے جا رہے ہیں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی قانون کی بالادستی کی ضمانت دیتی ہے‘ سوا 3 سال سے حکومت ہر کام صدارتی آرڈی ننیس سے چلا رہی ہے‘ اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے‘ مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں‘ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئیں‘ مذاکرات آگے نہیں بڑھے تو پھر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے؟ حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے ؟‘ ہر روز چائے، چینی، آٹے، انڈے، دودھ، دہی، گھی، چاول، سبزیوں اور دوائی کی قیمت بڑھتی ہی جا رہی ہے؟ موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کے لیے زہر قاتل بن چکی ہے، حکومت سے نجات حاصل نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔