سکھر ،جی ٹی روڈ پرقائم فرنیچر کی دکان پر آتشزدگی

141

سکھر (نمائندہ جسارت ) روہڑی کے نواحی علاقے علیواہن جی ٹی روڈ کے کنارے محمد ناظم قریشی کی فرنیچر کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا تیار فرنیچر جل کر خاکستر ہوگیا آگ کی شدت اس قدر تیز تھی کہ ٹیئر گاڈر تپش سے پھگلنے کے باعث چھت بھی گر گئی اہل علاقہ نے پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے ناکام رہے، دکان کے مالک محمد ناظم قریشی نے بتایا کہ رات کسی کی شادی کے آرڈر کا فرنیچر تیار کرکے رات دیر سے دکان بند کی لیکن میری دکان کی بجلی خراب تھی جو شارٹ سرکٹ ہوا آگ کسی نے لگائی ہے جس میں میرا لاکھوں رو پے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ اطلاع کے باوجود روہڑی کی فائر بریگیڈ نہیں پہنچی اور کئی گھنٹے تاخیر سے سکھر کی فائر بریگیڈ پہنچی تو قریب کی دکانوں کا بھی جزوی نقصان ہوچکا تھا۔ دکان کے مالک ناظم قریشی نے کمشنر ڈپٹی کمشنر سکھر اسسٹنٹ کمشنر روہڑی سے مطالبہ کیا کہ میرے نقصان کا ازالہ کرکے مدد کی جائے۔