ضلع ٹھٹہ میں معیاری تعلیمی اداروں کی کمی ہے،عباس بلوچ

110

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے آئی بی اے کیمپس ٹھٹھہ کے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے جتنا جلدی ہو سکے اس کیمپس کو فعال کیا جائے تاکہ ٹھٹھہ کے عوام کو بہتراور معیاری تعلیم مہیا ہو سکے ۔کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ کیمپس کی بلڈنگ تیار ہے وہاں صرف مشینری اور فرنیچر کی خریداری باقی رہتی ہے جس کی خریداری جلد سے جلد کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ کمشنر حیدرآباد نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری کو ہدایت کی کہ کیمپس میں ضرورت کی اشیا مہیا کر کے پی سی ون کے مطابق کیمپس کو شروع کیا جائے ۔ کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ سندھ کا ایک اہم شہر ہے مگر وہاں معیاری تعلیمی اداروں کی کمی ہے اور آئی بی اے کیمپس ٹھٹھہ کی تکمیل کے بعد ٹھٹھہ کے عوام کو معیاری تعلیم ان کے اپنے شہر میں مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک یا علاقے کی ترقی کا تعلق تعلیم سے ہوتا ہے اس لیے حکومت کے ایسے پراجیکٹس بر وقت مکمل کر کے انکو عوام کیلیے موثر بنایا جائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی بی اے کیمپس ٹھٹھہ کے منصوبے میں جتنے فنڈز مطلوب ہیں انکے لیے اعلیٰ حکام کو تحریر کیا جائیگا۔ کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ آئی بی اے سکھر اور چیف انجنیئر بلڈنگس حیدرآباد ڈویزن ملکر ایک مشترکہ پی سی 4ترتیب دیں جس کی بنیاد پر کیمپس آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے حوالے کیا جائے تاکہ اس کا جلد افتتاح کیا جا سکے۔ کمشنر نے کہا کہ آئندہ ہفتہ اس ضمن میں دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائیگا جس میں متعلقہ افسران اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کرائیں گے ۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآباد نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر اس پورے عمل کی نگرانی کرے ۔ اجلاس میں وائس چانسلر سکھر آئی بی اے میر محمد شاہ ، چیف انجنیئر بلڈنگس اختر حسین ڈاوچ ، ڈائریکٹر پلاننگ آئی بی اے سکھر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔