سینٹرل جیل لاڑکانہ کاقیدی ‘سرکاری اسپتالو ں میں بھٹکنے کے بعد انتقال کرگیا

339

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں سرکاری اسپتالوں کے عملے کی بے حسی کے باعث انسانی ہلاکت کی ایک اور مثال سامنے آگئی، سینٹرل جیل لاڑکانہ کا قیدی چار سرکاری اسپتالوں میں بھٹکنے کے بعد آخر کار کراچی میں دم توڑ گیا۔اس حوالے سے جیل حکام ذرائع کا کہنا ہے کہ 62سالہ قیدی عبدالحمید کو سینٹرل جیل لاڑکانہ سے چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ بھیجا گیا تھا،حکام کے مطابق چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال سے قیدی عبدالحمید کو بغیر کسی طبی امداد کے قومی ادارہ برائے امراض قلب سکھر بھیجا گیا تھا۔بعد ازاں سکھر کے سول اسپتال سے بغیر کوئی دوا دیے اور علاج کے بغیر قیدی عبدالحمید کو تشویشناک حالت میں کراچی کے جناح اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا تھا۔متعلقہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں قیدی عبدالحمید 17 اکتوبر کی رات بغیر علاج کیے جان کی بازی ہار گیا۔ذرائع کے مطابق عبدالحمید کی لاش کئی گھنٹوں تک بے یارو مددگار جناح اسپتال کی ایمرجنسی کے ڈریسنگ روم میں پڑی رہی۔