اسلام آباد ہائیکورٹ‘عمران فاروق قتل کیس کی سماعت ملتوی

160

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے زیر سماعت ایم کیو ایم رہنما عمران فاروق قتل کیس کی سماعت26 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ امتیاز نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے تینوں درخواست گزاروں کو ملز قرار دیا، ملزمان نے ایم کیو ایم لندن کے بانی الطاف حسین کے کہنے پر مل کر قتل کیا، عمران فاروق قتل کیس کے کل5 چالان جمع ہوئے،3چالان پاکستانی شواہد جبکہ2 برطانیہ سے جمع کرائے گئے، ملزمان کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا جاچکا ہے، ملزم محسن علی
کو12 مئی2015ء میں گرفتار کیا گیا، کالج داخلوں سے لے کر کیس کے ریکارڈ آنے پر اعترافی بیان ریکارڈ کیا گیا، کیس کے گواہ کی بھی 164 کی بیان ریکارڈ کی جاتی ہے،3 سال تک ملزمان نے گواہ کے کسی بیان کو ماننے سے انکار نہیں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ امتیاز نے عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان کا اعترافی بیان عدالت کو پڑھ کر سنایا، ڈپٹی اٹارنی جنرل کے دلائل جاری تھے اور عدالت نے کیس کی سماعت26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر بھی ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ امتیاز کے دلائل جاری رہیں گے۔