لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے باڈہ میں منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بناکر ڈرگ سپلائر گروہ کے کارندے سمیت دو منشیات فروش منشیات سمیت گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گروہ سے رابطہ رکھنے والے افراد اور منشیات فروشوں کے خلاف چھاپوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے بتایا کہ باڈہ پولیس نے دوران چیکنگ وہنی روڈ پر گوداموں کے قریب کامیاب کارروائی کرکے ملزم عارف ولد نواز جتوئی کو چار کلو چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے جو باڈہ اور اطراف کے علاقوں میں منشیات کی سپلائی پہنچانے آیا تھا جبکہ گرفتار ملزم سے رابطوں میں رہنے والے افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپوں کا سلسلہ ہے مزید گرفتار ملزم سے گروہ کے دیگر افراد اور منشیات کے خریداروں کے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ باڈہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم لاڑکانہ شہر کے اندر ہونے والی حالیہ وارداتوں میں بھی پولیس کو انتہائی مطلوب ہے۔ دوسری جانب رتودیرو پولیس نے خفیہ اطلاع پر بھٹہ وانڈھ میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزم مہتاب بھٹو سے ڈیرھ کلو چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزم رتودیرو اور اطراف کے علاقوں میں منشیات کے کاروبار میں ملوث ہے جبکہ گرفتار ملزم سے گروہ کے دیگر افراد اور منشیات کے ڈیلرز کے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے، گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ رتو دیرو پر مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب ضلع جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو کے گاؤں محمد پور اوڈو میں مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام نے ملزم زاہد دستی نے اپنی بیوی رعیبہ دستی اور نوجوان پر فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔ اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر واقعے کے متعلق تفصیلات معلومات کی بعد ازاں زخمی خاتون کو اہل خانہ کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس موقع پر زخمی خاتون کے چچا زاد بھائی عرض محمد دستی نے بتایا کہ ملزم زاہد دستی نے اپنی بیوی رعیبہ خاتون کو نوجوان کے ساتھ سیاہ کاری کا جھوٹا الزام لگا کر دونوں پر فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا ۔بعد ازاں ہم نے رعیبہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔