مہنگائی :بلاول نے ضلعی سطح پر احتجاج کی ہدایت کردی

118

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کراچی کے ہر ضلع میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں اور شہر میں
گراس روٹ سطح تک تنظیم سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔جمعرات کو پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقار مہدی نے بلاول ہاؤس میں پارٹی چیئرمین سے ملاقات کی ۔ چیئرمین بلاول زرداری کو وقار مہدی نے ووٹر لسٹوں کے اندراج کے حوالے سے شروع ہونے والی حکومتی سرگرمی کی صورت حال سے آگاہ کیا۔ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔علاوہ ازیںبلاول زرداری نے ایک بیان میں چارسدہ میں مہنگائی کے خلاف عوام کو موبلائز کرکے تاریخی مظاہرہ کرنے پر جیالوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کے مسلسل مظاہروں میں عوام کی تاریخی شرکت سلیکٹڈ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔ بلاول زرداری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا تسلسل جاری رکھیں۔انہوںنے کہا کہ مہنگائی سے نجات کے لیے عمران خان کو اقتدار سے باہر پھینکنا ہوگا ۔ دوسری جانب بلاول زرداری نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمااوررکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو ضمانت پر مبارک باد دی ہے۔ ایک بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ حکومت نے نیب کیساتھ مل کر خورشید شاہ کو 2 سال قید میں رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، خورشید شاہ کے پورے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، خورشید شاہ کو جھکایا اور ڈرایا نہ جاسکا، کرپشن کے جعلی مقدمات کی آڑ میں خورشید شاہ کو دراصل جمہوریت سے وفا کی سزا دی گئی ۔