اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ملک میں مہنگائی کے خلاف میدان میں آ چکی ہے اور پیپلزپارٹی کے کارکن 2ہفتوں سے مہنگائی کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پنجاب اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف عدم اعتماد کی تحریک لاتی تو عمران خان گھر جا چکے ہوتے ہمیں لگا کہ استعفوں کی ضد کرنے والے خود استعفے ضرور دیں گے۔ عمران خان سے نجات کے لیے پہلے بزدار کو ہٹانا پڑے گا، ملک میں آمریت اور عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف نکلے تھے۔ آج بھی ملک میں مبینہ جمہوریت کے لبادے میں آمرانہ طرز حکمرانی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ آج بھی پاکستان میں لوگ عوام دشمن فیصلوں سے تنگ آچکے ہیں اور ملک میں تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔