لاڑکانہ،5 بچوں کا باپ کرنٹ لگنے سے جاں بحق،،3 روپوش ملزمان گرفتار

202

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں پانچ بچوں کا باپ الیکٹریشن الف اللہ بجلی کی 11 ہزار وولٹ کی تاروں سے کرنٹ لگنے کے باعث جھلس کر شدید زخمی ہوا جسے ورثا کی جانب سے تشویش ناک حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج وہ جانبر نہ ہوسکا، ورثا کے مطابق الف اللہ محلے میں بجلی کی 11 ہزار وولٹ کی تاروں کی مرمت کررہا تھا کہ اچانک بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث وہ جھلس کر شدید زخمی ہوگیا جسے لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑگیا ۔دوسری جانب ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی نعش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات اور چوریوں جیسے سنگین مقدمات میں روپوش و مطلوب تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات، چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ رحمت پور پولیس نے دوران چیکنگ نظر محلہ سے چوری اور منشیات کے دو سے زائد مقدمات میں روپوش ملزم امجد کلہوڑو کو بھنگ سمیت، حیدری پولیس نے دوران گشت عاقل روڈ سے سرگرم ملزم صابر ابڑو کو ریوالور اور گولیوں سمیت، رتوڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ شہدادکوٹ روڈ سے ملزم بلاول کھوکھر کو مضر صحت گٹکوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب رتوڈیرو پولیس نے شاہد راجپوت اور فدا حسین کے چوری شدہ موبائل فون اور گھریلو سامان، دڑی پولیس نے غلام محمد، عبدالحق اور اللہ بخش کی چوری شدہ دو موٹرسائیکلیں اور سولر پلیٹس جبکہ سچل پولیس نے صدام حسین کے چوری شدہ موبائل فون برآمد کرلیے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے چوری شدہ موٹرسائیکلیں و دیگر سامان اصل مالکان کے حوالے کردیے گئے ہیں۔