کراچی (نمائندہ جسارت ) چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری اور پارٹی کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے وزیر اطلاعات سعید غنی نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی۔ چیئرمین بلاول زرداری نے پی پی پی سندھ کی تنظیم کو 17 اکتوبر کے جلسے کی مبارک باد دی۔بلاول زرداری نے کہا کہ کراچی کا جلسہ تاریخی تھا، شہر شہر سے عوام کی شرکت جمہوریت کا نیا سورج طلوع ہونے کی ایک امید ہے۔ جلسے کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنانے کی جدوجہد کرنے والے تمام جیالے شاباش کے مستحق ہیں۔سانحہ کارساز پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا دراصل اس عزم کا بھی اظہار ہے کہ ہمارا سفر نہیں رکے گا۔دریں اثناء چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری سے بلاول ہائوس میں گھوٹکی سے منتخب پی پی پی اراکین قومی اسمبلی محمد بخش مہر اور خالد لونڈ کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔