اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مرا ہوا سیاسی ہاتھی ہے‘ کنویں کے مینڈکوں کی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان5 سال پورے کریں گے‘ اپوزیشن کے اندر ڈنک ہی نہیں، خطرناک کیا ہونا ہے، ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں ‘ ان کے پلگوں میں کچرا پھنسا ہوا ہے‘ ہیں یہ نوجوان انجن لیکن ان کے انجن دھواں دے رہے ہیں‘ انہوں نے کیا کرنا ہے‘ اب یہ ڈویژن کی سطح پر جلوس نکلالیں گے‘ نئے الیکشن کو 21 ، 22 ماہ رہ گئے ہیں ‘ اگر اپوزیشن نے کسی سیاسی گڑھے میں گرنا ہے تو اللہ تعالیٰ اس ملک اور قوم کی حالت پر رحم کرے‘جب ہم اپوزیشن میں تھے ہم بھی یہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی اور کل گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز نے پاکستانی اداروں پر جو کچھ کہا ہے اس سے زیادہ نہایت غیر ذمے داری کا مظاہرہ نہیں ہوسکتا اور وہ خود اپنے لیے گڑھے کھود رہی ہیں‘ ملک لوٹنے والے منہ صاف کر کے پھر وکٹری کا نشان بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں کہ مہنگائی ہے‘ قرضے بھی ہیں‘کورونا کا بھی سامنا ہے‘ وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں کمی لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘ عالمی بحران میں پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے افغانستان کے لیے31 دسمبر تک ویزا فیس معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے لیے ویزا آن آرائیول کی سروس شروع کر دی ہے ۔شیخ رشید احمد نے معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی کمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلاول دل کا جانی ہے، وہ کہہ سکتا ہے، اس کو 7 سیاسی خون معاف ہیں۔