دھابیجی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھ کے صدر صادق علی میمن، جنرل سیکرٹری امتیاز قریشی، سیکرٹری اطلاعات محمود عالم شاہ، ایم پی اے جام اویس بجار خان جوکھیو اور ممتاز میمن نے سابق رکن ڈسٹرکٹ کونسل ملک محمد عمران اعوان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور گزشتہ دنوں ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر انہیں اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پی پی ضلع ٹھٹھہ کے صدر صادق علی میمن کا کہنا تھا کہ ملک محمد عمران اعوان پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ تھے اور ہیں، چند روز قبل عثمان کمبھار کی جانب سے ملک عمران کے خلاف دیے گئے بیان کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ ان کا ذاتی بیان تھا اس کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی کے بیان جاری کرنا سیکرٹری اطلاعات کا کام ہوتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی یوسی بھنمبور کے صدر رحیم خان شورو دیگر بھی موجود تھے۔