سکھر کے تاجروں نے بھی احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا

310

سکھر (نمائندہ جسارت) تاجر برادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک کے آغاز کا اعلان، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر، ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے سمیت بجلی، گھی، کوکنگ آئل سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو غریب عوام پر ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران مہنگائی، بیروزگاری کی چکی میں پستی عوام سے آخری نوالہ بھی چھین رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مزید مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جس سے بیروزگاری مزید بڑھے گی اور غریب عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے کر غربت، مہنگائی، بیروزگاری کو کنٹرول کرنے کیلیے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی اور عوام کا سمندر حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر اسمال ٹریڈرز اور ایس ڈی اے کے منعقدہ مشترکہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، شکیل قریشی، عبدالقادر شیوانی، حافظ محمد شریف ڈاڈا، بابو فاروقی، ظہیر حسین بھٹی، علامہ نور احمد قاسمی، آغا طاہر مغل، محمد رضوان قادری، عبدالباری انصاری، محبوب صدیقی، شاہ محمد انڈھڑ، شہزادو بھٹو، محمد منیر میمن، ڈاکٹر سعید اعوان، لالہ محب، امداد جھنڈیر، کامریڈ امام الدین، نعیم بلوچ، سراج احمد، حسیب جونیجو، عبدالحمید شیخ، ذاکر خان، رمضان کورائی، فخر الدین عباسی، احسان بندھانی، محمد عامر سجاد، معراج وارثی، محمد راشد و دیگر نے شرکت کی۔