مہنگائی گزشتہ حکومتوں کا تحفہ ہے،مشکلات عارضی ہیں،شاہ محمود قریشی

307

ملتان (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی گزشتہ حکومتوں کا دیا ہوا تحفہ ہے‘ ووٹ کو عزت دو، کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹرز کی عزت کو پامال کیا‘پی ڈی ایم چور لٹیروں کا ٹولہ ہے وہ کس منہ سے احتساب کی بات کر سکتا ہے‘ گزشتہ 30 سال میں پی پی پی اور ن لیگ نے قومی خزانہ لوٹ کر ووٹرز کا معاشی قتل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ چور مچائے شور کے فارمولے پر عمل کر رہا ہے جس نے قومی خزانہ لوٹا‘ ہماری حکومت کی اولین ترجیح غربت کا خاتمہ ہے‘ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے وزارت خارجہ میں معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا ہے‘ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش ملک ہے تاہم حکومت کو لوگوں کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں سیرت النبیؐ سے اپنے نوجوانوں کو روشناس کرانا چاہیے ‘ پیارے نبیؐ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے، وزیر اعظم کا رحمتہ العالمینؐ اتھارٹی کا قیام ان کی نبیؐ سے محبت اور غلامی کا ثبوت ہے۔