فوج کو ڈسکس کرنے والے سیاسی قبر کھودیں گے،شیخ رشید

170

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہفوج کو ڈسکس کرنیوالے اپنی سیاسی قبر کھودیں گے‘ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان 5 سال پورے کریں گے‘ مریم نے دھوبی گھاٹ میں فوج کو ڈسکس کیا‘ سیاست میں مریم نوازکے ساتھ دھوبی گھاٹ جیسا سلوک ہوگا‘نواز شریف مگر مچھ کے آنسو بہہ رہے ہیں‘ ہمارا ڈالر افغان حالات کی نذر ہوگیا‘ عبدالقدیر کا مقبرہ بنائیںگے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر ان کی بیٹی ڈاکٹر دینا سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے ڈاکٹر دینا سے درخواست کی ہے وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مقبرے کا ڈیزائن بنا دیں جب یہ نقشہ دیں گے تو سی ڈی اے فوری طور پر ایچ ایٹ قبرستان میں ان کے مقبرے کی فوری طور پر تکمیل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر گزشتہ روز کی مریم نواز کی تقریر سے عمران خان کا نام نکال دیا جائے تو اس میں کیا تھا‘ وہ عمران خان کی الٹی گردان پڑھ رہی تھی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف خون کے نہیں مگر مچھ کے آنسو بہہ رہے ہیں ، جس طرح وہ لندن گئے وہاں ان کو خون کے آنسو رونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ‘ سوا 3 سال عمران خان کی حکومت کو ہو گئے ہیں اور دیکھتے، دیکھتے یہ 4 سال بھی ہوجانے ہیں‘ اگر اللہ کو منظور ہوا تومہنگائی پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈالرز کی ایجنسیز چلانے والے34 افراد کو اٹھایا ہے اور 4 ، 5 بڑی ایکس چینج کمپنیوں کا آڈٹ کرارہے ہیں جو اس کا نتیجہ نکلا وہ قوم کے سامنے لائیں گے‘افغانستان کے جو حالات ہیں ، ہمارا ڈالر اس کی نذر ہوا ہے اور کافی بڑی مقدار میں وہ افغانستان چلا گیا ہے لیکن ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ منی چینجرز سے یہ سارا مسئلہ مناسب طریقہ سے حل کریں۔