سرگودھا(آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ کوارٹرز ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث نرسری وارڈ کے 4 شیر خوار بچے دم توڑ گئے۔ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال سرگودھا کے نرسری وارڈ میں آکسیجن کی کمی کے باعث زیر علاج4 شیر خوار بچے دم توڑ گے۔ جس پر کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ذمے داران کے تعین کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، تحقیقاتی کمیٹی کو24 گھنٹے میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق بچوں کے جاں بحق ہونے کے بعد ان کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سرگودھا کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔