رتوڈیرو میں کورٹ بلڈنگ کا کام جلد مکمل ہوگا،چیف جسٹس سندھ

170

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی لاڑکانہ آمد، ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ عشائیہ اور ظہرانے کی تقریب میں شرکت کی، ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار میں منعقدہ تقریب میں ماتحت عدالتوں کے ججز سمیت وکلا برادری نے بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں ہائی کورٹ بار کے صدر عاشق دھامراہو اور ڈسٹرکٹ بار کے صدر اکبر ڈہر نے انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کیے، اس موقع پر خطاب
کرتے ہوئے چیف جسٹس احمد علی شیخ کا کہنا تھا کہ رتوڈیرو میں کورٹ کی بلڈنگ کا کام جاری ہے جو جلد مکمل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار میں میرے کئی سال گزرے یہاں آ کر ایسی کیفیت ہے جو ناقابل بیان ہے، ایم این اے مرحوم ایاز سومرو کو بھولا نہیں جا سکتا، انہوں نے ہائی کورٹ بلڈنگ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چیف جسٹس نے وکلاء سمیت تمام تقریب کے شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سیشن کورٹ آمد کے موقع پرجسٹس احمد علی شیخ کے سامنے بیوہ لیڈی ٹیچر خاتون نے انصاف کیلیے احتجاج کیا، اس موقع پر متاثرہ خاتون پروین کا کہنا تھا کہ شوہر کے انتقال کے بعد دیور اور اس کے دیگر رشتہ داروں نے ظلم کی انتہا کردی ہے، جھوٹے مقدمات میں کورٹوں کے چکر کٹوائے جا رہے ہیں، انصاف کیلیے کئی برسوں سے دربدر ہوں۔ چیف جسٹس کی جانب سے متاثرہ خاتون کو انصاف کی یقین دہانی بھی کروائی، چیف جسٹس سندھ نے ڈسٹرکٹ کورٹ میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگاکر ڈسٹرکٹ کورٹ کے مختلف شعبات کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ سید شرف الدین شاہ و دیگر بھی ان کے ساتھ تھے۔