کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر جامعات، بورڈز اور ماحولیات اسماعیل راہو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ محمد اسماعیل راہونے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کہا کہ تباہی سرکار عوام پر مہنگائی کا کوئی نہ کوئی بم گراتی رہتی ہے ،حکومتی ترجمان بتائیں کہ جن ملکوں میں پیٹرول مہنگا مل رہا ہے وہاں کے لوگوں کی آمدنی کتنی ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیاکہ پاکستان سے سستا پیٹرول وینزویلا اور ایران میں عوام کو مل رہا ہے،عمران خان کی حکومت عوام کو بے دردی سے لوٹ رہی ہے،وینزویلا میں اس وقت پیٹرول تقریباً 3 روپے 36 پیسے فی لیٹر(پاکستانی روپے میں)فروخت ہو رہا ہے،پیٹرول مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا،پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49پیسہ اضافہ حکومتی نااہلی اور بے حسی ہے، عمران خان کو غریب عوام کے لیے سوچناچاہیے ناکہ مافیاز کے لیے، تبدیلی سرکار عوام کے لیے وبال جان بن گئی ہے، موجودہ حکومت فوراً مستعفی ہوجائے،حکومت مہنگائی پرکنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومت پیٹرول پر ٹیکسز کم کرے اور عوام کو ریلیف دے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے زرعی اجناس مہنگی ہوں گی، کھاد اور یوریا کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔