کوئی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان 5 سال پورے کریں گے، شیخ رشید

319

اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جارہے، وہ 5 سال پورے کریں گے، عمران خان خوش قسمت ہیں جن کو نالائق، نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی۔

اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پلان کرکے لندن گئے جس طرح وہ لندن گئے انہیں خون کے آنسو رونے کی ضرورت نہیں ہے وہ خون کے نہیں مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔ جب آپ فوج سے متعلق ایسے گفتگو کریں گے تو سیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے والا سلوک ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو تین سال ہوگئے، آپ سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کرکے اپنی ہی قبر کھودیں گے، یہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی ہم نے اپنے لوگوں سے جو وعدے کئے سب پورے ہونے جارہے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، پچھلے دسمبر میں کہتے تھے عمران خان جارہے ہیں پھر کہا کل جائیں گے عمران خان کہیں جانے والا نہیں پانچ سال پورے کے گا اگلے الیکشن میں پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرول اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں پاکستان میں بھی اس کا اثر ہوا ہے۔ مہنگائی بڑھی ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ اس پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قوم کے ہیرو تھے عمران خان کی ہدایت پر انہیں پورے اعزازات کے ساتھ دفنایا گیا لوگ پراپیگنڈہ کررہے ہیں ہم نے ان کی تدفین کے انتظامات فیصل مسجد میں کئے تھے لیکن دینا خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وصیت ہے کہ انہیں ایچ ایٹ قبرستان میں دفنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 34 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے پانچ بڑی ایکس چینج کمپنیوں کا آڈٹ کروا رہے ہیں جو نتیجہ آئے گا قوم کے سامنے لائیں گے۔ افغانستان کے حالات کی وجہ سے ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں بڑھی بڑی تعداد میں ڈالر افغانستان بھیجا گیا ایف آئی اے کو ہدایات کردی گئی ہیں کہ ڈالر کی سمگلنگ کی تحقیقات کی جائیں۔ عمران خان خوش قسمت ہیں جنہیں نااہل نالائق اور نکمی اپوزیشن ملی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پورے خطے میں دہشت گردی کی لہر ہے اور یہ کہتے ہیں ہمیں جلسے کرنے ہیں خود تو بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھیں گے اور عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالیں گے۔ مریم نواز کی گفتگو سیاسی ناپائیداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے، فوج کو دھوبی گھاٹ چوک چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے۔ عمران خان کی حکومت نہ جانے میں ان کا بڑا تعاون شامل ہے۔