حکومت کو برادشت کرنا عوام کے بس میں نہیں رہا، رانا ثناء اللہ

228

لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کو برادشت کرنا عوام کے بس میں نہیں رہا، سلیکٹڈ ٹولہ جب تک موجود ہے عوام پر ظلم ہوتا رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گزشتہ روز بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، ابھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول کی قیمت میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزارت نے جو تجویز دی اس سے دگنا اضافہ کردیا گیا، آئی ایم ایف کے کہنے پر ظلم کیا جارہا ہے، عمران خان کہتے تھے کہ میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائہں گا، وزیراعظم خود کشی نہیں کرسکتے تو خودکشی کی کوشش ہی کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے جینا تو پہلے ہی مشکل تھا اب ناممکن ہوگیا ہے، اس حکومت کو برادشت کرنا عوام کے بس میں نہیں رہا، سلیکٹڈ ٹولہ جب تک موجود ہے عوام پر ظلم ہوتا رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کی کال دینی چاہیے اور سلیکٹڈ ٹولے کو نکال باہر کرنا چاہیے، عوام سے استدعا ہے کہ وہ سڑکوں پر نکلیں، جن حالات میں ملک کو دھکیل دیا گیا ہے یہ اب ایک جماعت کے بس کی بات نہیں ہے، اب قومی قیادت کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، ایک چارٹر آف اکانومی ہونا چاہیے۔