کراچی (اسٹاف ر پورٹر) پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان کو لانے والوں کو بھی احساس ہوگیا ہے کہ نااہل نالائقیوں کا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کرانا چاہتے ہیں،2018ء کے الیکشن میں کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، ایسے نالائقی کو منتخب کیا جو کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی
عہدیداروں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا 17 اکتوبر کو باغ جناح میں جلسہ ہوگا جس میں بلاول زرداری جلسے سے اہم خطاب کریں گے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا انکشاف غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں کیا ہے،مذاکرات کی یہ بات پارلیمنٹ میں بھی نہیں بتائی،طالبان کو معاف کرنے کی بات سے حیرانی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا وقت پورا ہوگیا ہے، نااہل حکومت نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری وقار مہدی کا کہنا تھا کہ عمران حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانا چاہتی ہے، 17 اکتوبر کاجلسہ موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا۔ بعد ازاں شازیہ مری اور دیگر نے عاجز دھامرا کے ہمراہ جناح باغ پہنچ کر جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔