کراچی (اسٹاف ر پورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قطر ، ایران اور قازقستان کے سفارت کاروں کے ساتھ اپنی الگ الگ ملاقاتوں میں پڑوسی ممالک کے درمیان قریبی روابط اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ امن، تجارت بالخصوص خطے میں تجارت اورافغانستان کی جاری صورتحال میں فروغ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن الثانی سے ملاقات میں کہا کہ قطر کی ایک کمپنی تھر میں واٹر سپلائی اسکیم پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ قطر کی مزید کمپنیاں یہاں آئیں اور صوبائی حکومت کے ساتھ یا پی پی پی موڈ پر کام کریں، سندھ کے پاس شہر میں ڈی سیلینیشن پلانٹس ، سڑکوں ، توانائی اور دیگر مختلف شعبوں میں وسیع مواقع ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قازقستان کے سفیر مسٹر یرجان کستافین کے ساتھ سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ 70 فیصد قدرتی گیس پیدا کر رہا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ قازقستان کی ریاستی اور نجی فرمز کے ساتھ سرمایہ کاری کے ذریعے یا گیس سے متعلقہ منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر کام کیا جائے۔