راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ائرڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا، چینی ساختہ ایچ کیو9پی کو آرمی ائرڈیفنس میں شامل کیا گیا، آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں استحکام کا عنصر ہے،ہائی ٹیک سسٹم کی شمولیت سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ائر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا، آرمی چیف نے چینی ساختہ ایچ کیو9پی کی آرمی ائر ڈیفنس میں شمولیتی تقریب میں شرکت کی۔آرمی چیف کو کمانڈرائر ڈیفنس نے ویپن سسٹم سے متعلق بریفنگ دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہائی ٹیک سسٹم کی شمولیت سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی، ائر ڈیفنس مجموعی دفاعی نظام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ائر فورس، آرمی ائر ڈیفنس دفاع کےلیےمثالی کام کررہے ہیں، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں استحکام کا عنصر ہے، روایتی حربی صلاحیت مضبوط دفاع کی ضمانت دشمن کےلیے خطرے کی علامت ہے۔