نوابشاہ،کھلی کچہری، عوامی شکایات پر دو پٹواری محمد خان جسکانی اور علی مدد رند معطل

292

نوابشاہ (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور نے آج اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد کے دفتر میں کھلی کچہری منعقد کرکے علاقہ مکینوں سے تحصیل قاضی احمد کے محکمہ ریونیو کے متعلق مسائل و شکایات معلوم کیں۔ اس موقع پر عوام نے محکمہ ریونیو کے عملے کی جانب سے جائز کاموں، زمینوں کے کھاتوں کے لیے بھاری رشوت طلب کرنے اور وقت پر کام نہ کرنے کی شکایات کیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر دو پٹواریوں محمد خان جسکانی اور علی مدد رند کو معطل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد محمد ذیشان اور مختارکار کامران بلوچ سمیت تمام عملے کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جائز مسائل بغیر کسی لالچ کے فوری حل کیے جائیں بصورت دیگر متعلقہ افسران و عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع کے عوام کے محکمہ ریونیو کے متعلق مسائل معلوم کرنے اور ان مسائل کے حل کے لیے ہر تحصیل کی اسسٹنٹ کمشنر آفس میں کھلی کچہری منعقد کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں آنے کا مقصد علاقے کے عوام کے مسائل معلوم کرنا اور ان کو حل کرنا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود شہریوں سے کہا کہ اگر کوئی بھی ریونیو آفیسر یا عملہ جائز کام کے لیے رشوت طلب کرے تو اس کے خلاف شکایات ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم شکایتی سیل پر شکایات درج کرائیں تاکہ اس عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں چارج سنبھالنے کے فوراً بعد ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں کا دورہ کرکے عوام کے مسائل معلوم کیے تاکہ ان مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کچھ شکایات کو موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات دیے تاہم کچھ شکایات کے حل کے لیے عوام کو یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد محمد ذیشان اور مختارکار قاضی احمد کامران بلوچ موجود تھے۔