پرویزمشرف ، زرداری اور گیلانی سے متعلق درخواستیں خارج

96

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدور پرویز مشرف ،آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے متعلق درخواستیں غیر مؤثر قرار دے کر خارج کر دیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ لاہور ہائی کورٹ نے 10 سال پرانے مقدمات کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دیا تھا۔ درخواست گزار رانا علم الدین ایڈووکیٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے ایمرجنسی کے خلاف درخواست دائر کی تھیں۔رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے سابق صدر آصف زرداری کے 2 عہدے رکھنے کے متعلق درخواست دائر کی تھی۔ شاہد نسیم گوندل اور اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق درخواستیں دائر کی تھیں۔ عدالت نے تمام درخواستیں غیر مؤثر قرار دے کر خارج کر دیں۔