اسلام آباد (آئی این پی/اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ ننایا مہوٹا کے ساتھ کرکٹ ٹیم کی واپسی کے یکطرفہ فیصلے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس یکطرفہ فیصلے سے دونوں ممالک میں کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ ننایا مہوٹا نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ بذریعہ وڈیو لنک رابطہ کیا‘ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، علاقائی بالخصوص افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں سلامتی، استحکام اور اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو ہنگامی بنیاد پر ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میںبھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ۔