اسلام آباد: 24 گھنٹے میں ڈینگی سے مزید 113 افراد متاثر

187

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی وائرس شدت اختیار کرنے لگا ہے، جس سے بچاؤ کے لیے اسپرے مہم جاری ہے جب کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں خصوصی بیڈ لگا دیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 113 کیسزرپورٹ ہوئے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اس وقت 1 ہزار 342 افراد ڈینگی سے بیمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 895 افراد ڈینگی سے بیمار ہوئے جب کہ شہری علاقوں میں اب تک ڈینگی کے 447 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایک روز قبل ہی 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں ڈینگی سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 78 جبکہ شہری علاقوں میں 35 ریکارڈ پر آئی تھی۔ذرائع کے مطابق رواں سیزن میں اب تک 1342 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں رواں سیزن میں اب تک ڈینگی سے 5افراد کا انتقال ہوچکا ہے ۔