لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پنڈورا پیپر پر چیف جسٹس آف پاکستان کو تحقیقاتی کمیشن قائم کرنا چاہیے۔ وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے نام نہاد تحقیقاتی سیل سے ہمیں کوئی توقع نہیں۔ دوست دوستوں کا احتساب نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم تحقیقاتی سیل کو مسترد کرتے ہیں۔منصورہ لاہور میں مرکزی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ و سابق حکمران اشرافیہ کے مفادات ایک ہی طرح کے ہیں اور ان کی پالیسیوں کا محور اسٹیٹس کو کو تحفظ دینا ہے۔ سالہاسال سے عوام کی گردنوں پر سوار اس اشرافیہ نے ملک کے وسائل کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ اربوں روپے بنائے اور انھیں بیرون ملک آف شور کمپنیوں میں بھیجا۔ حد یہ ہے کہ بھارت ہم سے کہیں بڑا ملک ہے وہاں کے صرف 400 افراد کے نام پنڈوراپیپرز میں آئے ہیں، مگر ہمارے 700افراد کی داستانیں چھپی ہیں۔