عوامی مسائل کا ازالہ نہ کیاتو حالات مزید خراب ہوں گے، سراج الحق

525

لاہور:  امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے چترال سے کراچی تک عوام کسمپرسی کا شکار ہے، مہنگائی نے لوگوں کو لاچار کر دیا، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا،اندورن سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان مسائل کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اداروں کو کمزور اور بدنام کیا، گورننس بہتر کی ہوتی تو حالات قدرے مختلف ہوتے، پی ٹی آئی کے سوا تین برس ناکامیوں کی داستان ہے، پی پی اور پی ڈی ایم نے تحریک انصاف کی حکومت کو مسلسل سپورٹ کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ گوادر اور مکران میں مقامی آبادی کے خلاف زیادتیاں بند کی جائیں، لٹل پیرس میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں،  لوڈشیڈنگ، صحت اور تعلیم کے بے پناہ مسائل ہیں، عوام کا واحد ذریعہ روزگار ماہی گیری ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  امن و امان سوالیہ نشان بن گیا، مقامی رہائشیوں کا تشخص اور املاک خطرے میں ہیں،  سی پیک اور گوادر پورٹ پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے، عوام کے مسائل کا ازالہ نہ کیا گیاتو حالات مزید خراب ہوں گے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن کو فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، مولانا ہدایت الرحمن گوادر کے عوام کی آواز ہیں، لوگوں کو چوکیوں اور چیک پوسٹوں پر پریشان نہ کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  سیکیورٹی ادارے عوام کو احساس تحفظ فراہم کریں، ہم پنڈورااور پاناما لیکس کے معاملات کو حتمی انجام تک پہنچائیں گے، سپریم کورٹ سمیت ہر فورم پر عوام کا مقدمہ لڑا جائے گا۔ کرپٹ مافیا ملک کی بین الاقوامی سطح پر بار بار رسوائی کا سبب بن رہا ہے۔