سکھر( نمائندہ جسارت)شہری مسائل کے حل کیلیے قائم مختلف سماجی ، سیاسی، مذہبی و تاجر تنظیموں کے اتحاد آل پارٹیز الائنس سکھر نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر عوام کو انکے بنیادی و بلدیاتی حقوق انکی دہلیز پر حل کرنے کا اعلان کر دیا ہے ، یہ اعلان گزشتہ روز شہری مسائل کے حل اور متعلقہ محکموں کی نااہلی اور مسلسل لاپرواہی کے خلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈسٹرکٹ سکھر کے زیر اہتمام سکھر کے مقامی ہال میں آل پارٹیز کانفرنس کے دوران رہنمائوں نے کیا۔ کانفرنس میں پی ایم ایل ن ڈسٹرکٹ سکھر کے صدر خورشید احمد میرانی ،سنی تحریک کے رہنما محبوب علی سہتو، جمعیت علما پاکستان کے مرکزی نائب صدر مشرف محمود قادری،جے یو پی نورانی کے صاحبزادہ حامد محمود فیضی، جمیعت علما اسلام کے قاری لیاقت علی مغل،پی ٹی آئی کے کاشف قاضی ، غلام نبی گھانگھرو ،بشیر جسکانی،سکندر علی جونیجو ، محمد اعظم خان ،فہیم گرگیج ،اخلاق ہاشمی ،علی شیر مہر ، شیخ نظام جان، خیر بخش بروہی، گل حسن کھوسو سمیت آل پارٹیز الا ئنس سکھر میں شامل مختلف سیاسی ،سماجی ،مذ ہبی قوم پرست، تاجر جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی ۔آل پارٹیز الا ئنس سکھر میں شامل مختلف سیاسی ،سماجی ،مذ ہبی قوم پرست، تاجر جماعتوں کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سکھر شہر اور شہریوں کو کسی صورت لاوارث نہیں چھوڑا جائے گا ، سکھر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کی عدم توجہی کے باعث شہری مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں مزید اضافہ ہو رہا ہے،سکھر انتظامیہ اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندگان نے نا صرف شہر بلکہ شہریوں کو بھی بے یار و مددگار چھوڑ رکھا ہے شہری مسائل کے حل کیلیے مشترکہ جدوجہد ضرورت بن چکی ہے سکھر کا شہری بنیادی و بلدیاتی سہولیات سے محروم ہے، تجارتی و کاروباری مراکزسمیت رہائشی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام خراب ہونے کیساتھ صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے ، عوام تعلیم ،صحت و بنیادی حقوق سے محروم نظر آتا ہے ،ایسا لگتا ہے کہ شہر کو جان بوجھ کر تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے سماجی برائیوں میں اضافہ لمحہ فکریہ بنتا جارہا ہے ،شہر کو ترقی کا نام دیکر اسے کھنڈر بنادیا گیا، ٹریفک جام کے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں عوامی شکایات کے باوجود انتظامیہ کان دھرنے کو تیار نہیں ہے، شرکاء کانفرنس نے شہری مسائل کے حل جاری مرحلہ وار احتجاجی تحریک مزید تیز کرنے سمیت دیگر مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال اور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااظہار اور آئندہ کا احتجاجی لائحہ عمل طے کرتے ہوئے پانچ نکاتی قرارداد منظور کی گئی اور اور شہری مسائل کے حل کیلیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی جو جلد سکھر کے منتخب نمائندگان سمیت سرکاری محکموں کے افسران سے ملاقات کر کے شہری مسائل سے آگاہ کریگی ،شرکائے اجلاس نے سکھر انتظامیہ سمیت بالا حکام سے مطالبہ کیا کے شہرسکھر اور شہریوں کو درپیش مسائل کیحل کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں بصورت دیگر آل پارٹیز الائنس سکھر کی جانب سے پر امن احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا اور اسکی تمام تر ذمہ داری سکھر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان پر عائد ہوگی اختتام اجلاس ملک کی سلامتی و خوشحالی عوامی جدوجہد کی کامیابی و شہری مسائل حل کیلیے دعا کی گئی۔