گلگت (اے پی پی) ترجمان وزیراعلی گلگت بلتستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کا ملک کے ساتھ فائیو روٹس لینڈ کنیکٹیویٹی (Five Route Land Connectivity)کا بڑا وژن خطے کی تقدیر بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جامع ترقیاتی پلان کے تحت وزیراعلی خالد خورشید کی جانب سے گلگت بلتستان کیلیے منظور کرائے گئے شاہراہوں کے 5 بڑے منصوبے اگلے 5 سال میں خطے میں روڈ انفرا اسٹرکچر کا نقشہ بدل دیں گے۔ ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی تعمیر ہونے والی شاہراہوں کی کل لمبائی 572 کلومیٹر جبکہ لاگت 85 ارب روپے ہے، گلگت شندور روڈ، کل لمبائی 210 کلومیٹر، لاگت 50 ارب، استور ویلی روڈ، کل لمبائی 121 کلومیٹر، لاگت 19 ارب روپے، داریل تانگیر روڈ کی کل لمبائی 116 کلومیٹر لاگت 6 ارب روپے، شغرتھنگ گوریکوٹ روڑ،کل لمبائی85 کلومیٹر،لاگت 5 ارب روپے، شاہراہ نگر کی لمبائی 40 کلومیٹر، لاگت 4.5 ارب روپے ہے۔ یہ تمام منصوبے تمام تر متعلقہ فورمز سے 6 ماہ کی قلیل مدت میں منظور ہوئے، تمام کی انتظامی منظوری ہوچکی، کئی کی ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہوچکا اور اس میں شامل سب سے بڑے منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل بہت جلد مکمل ہونے والا ہے اور رواں مالی سال تمام منصوبوں پر کام کا باقائدہ آغاز ہوگا۔