راولپنڈی (نمائندہ جسارت) محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی نے ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کیلیے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں پاکستان میں سوشل میڈیا کے ابھرتے ہوئے کردار اور ذمے داری کے عنصر اور صحافت میں اخلاقی اصول و ضوابط کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ ورکشاپ میں میڈیا کنوینئر پاکستان تحریک انصاف رانا سہیل، نائب صدر نیشنل پریس کلب ڈاکٹر سعدیہ کمال، یوٹیوبر صدیق جان، صدر ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن محمد یوسف، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد اویس اور ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد حسین نے شرکت کی۔ رانا سہیل نے کہا کہ صحافت انتہائی ذمے داری کا شعبہ ہے کیونکہ غلط اطلاعات اور غیر مصدقہ خبریں معاشرے کیلیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ نائب صدر نیشنل پریس کلب ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا کہ غیر مصدقہ اطلاعات معاشرے کیلیے انتہائی نقصان دہ ہیں اور ان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، تمام درپیش چیلنجوں کے باوجود میڈیا سے وابستہ تمام افراد کیلیے اعلیٰ صحافتی اقدار کا تحفظ نا گزیر ہے۔ یوٹیوبر صدیق جان نے کہا کہ مبالغہ انگیزی سے سوشل میڈیا ریٹنگ میں اضافہ کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ یہ بنیادی صحافتی اقدار کی خلاف ورزی ہے، تحقیق اور معیاری صحافتی مواد تخلیق کرنا ہی کامیابی کی کنجی ہے اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کو اس کا دھیان رکھنا چاہیے۔ تمام شرکاء کو اسناد بھی دی گئیں۔