اسلام آباد میں ڈینگی کیسز پھر بڑھنے لگے ، صورتحال تشویشناک

294

اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ڈینگی کیسز کی تعداد 1 ہزار 30 ہوگئی۔ ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق 24 گھنٹوں میں ڈینگی وائرس سے مزید 98 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے 73 کیسز رپورٹ ہوئے۔ دیہی علاقوں میں ڈینگی کے کل 698 مریض ہیں۔ شہری علاقوں میں 25 کیس
رپورٹ ہوئے، جہاں ڈینگی کے کل 332 مریض ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولی کلینک کی جانب سے ڈینگی کلینک اور ڈینگی کاؤنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر جبار بھٹو نے بتایا کہ اسلام آباد کے اسپتال پولی کلینک میں ڈینگی کے لیے 45 بیڈ مختص تھے جب کہ 15بیڈ بچوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 30 بیڈ بڑوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جہاں مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی ہے۔ ڈینگی کی صورتحال بگڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ڈاکٹر جبار نے یہ بھی کہا کہ خدشہ ہے ڈینگی کی صورتحال 2019ء جیسی نہ ہو جائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے اب تک 5 افراد جابحق ہو چکے ہیں۔