اسلام آباد: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چھاپے‘ جرمانے عائد

121

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) این سی او سی ٹیم اور اسلام آباد انتظامیہ نے جمعہ کے روز پی ڈبلیو ڈی کمرشل ایریا اور سوک سینٹر بحریہ ٹاؤن میں ہوٹلوں، ریستورانوں، دکانوں اور مارکیٹوں کے دورے کیے اور کورونا ویکسی نیشن کے لازمی نظام اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر این سی او سی ٹیم اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر نے پولیس کے ساتھ مختلف دکانوں بشمول گوشت،
سبزیوں، کیش اینڈ کیری، اور پی ڈبلیو ڈی کی مین مارکیٹ میں ہوٹلوں، ریستورانوِں میں عملے اور گاہکوں کی ویکسی نیشن کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر نے کئی دکانوں کو سیل کرنے کے علاوہ بغیر ویکسی نیشن والے افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے۔ ٹیم نے ایک دکان کے مالک کو بھی حراست میں لیا اور اس کے خلاف غیر محفوظ لوگوں کو سہولت فراہم کرنے پر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کے علاوہ این سی او سی ٹیم نے شہری انتظامیہ کے ساتھ بحریہ ٹاؤن فیز 4 کے مرکزی کمرشل کا دورہ کیا اور کئی دکانوں، ہوٹلز اور چائے کیفے کے عملے کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے۔ اس موقع پر انتظامیہ نے ایک چائے کیفے کو سیل کر دیا جبکہ بحریہ سوک سینٹر کے ایک اور میگا ہوٹل پر پورے عملے کو ویکسین نہ کروانے پر بھاری جرمانہ عائد کیا۔ بحریہ ٹائون میں ایک کیفے کے مالک کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی اور اسے پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔