میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ہائیکورٹ سرکٹ بینچ کے قیام کیلیے ہفتہ وار وکلا احتجاجی تحریک اور عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ جاری، ڈویژن کی تینوں ضلعی بار عمرکوٹ، تھرپارکر مٹھی، میرپورخاص اور تمام تعلقہ عدالتوں سمیت سانگھڑ ضلع کے وکلا نے بھی دن بھر مکمل طور پر عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا، وکلا نے احتجاجی ریلی بھی نکالی، سائلین پریشان رہے۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں سندھ ہائیکورٹ کے سرکٹ بینچ کے قیام کے لیے وکلا برادی کی جانب سے جاری ہفتہ وار احتجاج کے 17 جمعے احتجاجی کیمپ میں ہائیکورٹ بار حیدرآباد کے معزز صدر ایڈووکیٹ عشرت لوہار، سینئیر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ بار پرویز احمد قریشی، سینئر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ بار محمد عارف کلر اور سینئر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ بار اشعر کھوکھر نے خصوصی شرکت کی۔ میرپورخاص وکلاء بار کے صدر و معروف قانوندان میر پرویز اختر تالپور نے ہائیکورٹ بینچ کے قیام کی تحریک کو عملی طور پر مؤثر بنانے کیلیے احتجاجی کیمپ میں یکجہتی کیلیے آئے تمام معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔