امریکا و یورپ میں جعلی ویکسینیشن کے شواہد موجود ہیں، اسد عمر

158

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ امریکا اور یورپ میں ویکسین لگوانے کے جعلی سرٹیفکیٹ کے بڑے پیمانے پر شواہد موجود ہیں، عالمی ادارہ صحت نے چین کی ویکسین کی منظوری دی ہے، انہوں نے برطانوی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی حکومت نے گورے (مغربی ممالک کے) سرٹیفکیٹس اور ویکسین کو تسلیم کرنے جبکہ زیادہ تر غیر گورے سرٹیفکیٹس اور چین کی ویکسین کو تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کورونا وائرس کی ویکسین اور اس کے سرٹیفکیٹس قبول کرنے میں امتیازی رویہ اختیار کرنے پر تشویش ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ تازہ ترین فیصلے کے مطابق برطانیہ اب بھی چینی ویکسین کو قبول نہیں کرے گا، چونکہ پاکستان کی بیشتر آبادی کو چینی ویکسین لگائی گئی ہے، اس لیے انہیں 10 دن تک خود کو الگ تھلگ رکھنے کی ضرورت ہوگی۔ پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانیہ نادرا کے جاری کردہ پاکستان کے ویکسین سرٹیفکیٹ کو قبول کرے گا۔ اس بیان نے ایک الجھن پیدا کی ہے کہ پاکستانی مسافروں کی اصل حیثیت کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے سائنوویک کورونا ویکسین کو استعمال کرنے کی توثیق کی تھی جبکہ کئی ممالک کو یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ ویکسین افادیت، حفاظت اور مینوفیکچرنگ کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہے۔