اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن روتے ہوئے بچوں کا اجتماع ہے جن کا کام صرف رونا ہے، جو بھی اصلاحات لے آئیں، اپوزیشن کا کام اس پر شور مچانا اور اس کی مخالفت کرنا ہے، نیب آرڈیننس پر تنقید کرنے والوں کی اکثر تجاویز اس آرڈیننس میں شامل ہیں، کابینہ نے ربیع الاول میں عشرہ رحمت العالمینؐ منانے کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اتوار کو عشرہ رحمت اللعالمین ﷺکا آغاز اور افتتاح کریں گے۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں عشرہ رحمت العالمینؐ بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں عشرہ رحمت العالمین ﷺمنانے کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ اس حوالے سے تمام تقریبات میں پارٹی شرکت کرے، وزیراعظم اتوار کو سیرت کانفرنس سے خطاب کریں گے اور یہ خطاب پاکستان تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیمیں براہ راست دکھائیں گی۔ ان تقاریب کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے نبیؐسے اپنے رشتے کا اظہار کر سکیں۔