لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈالر، ایل این جی، مہنگائی، بیروزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں، عالمی اور داخلی حالات مہنگائی سے پہلے سے پسے عوام کا زندہ رہنا ناممکن بنارہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سنجیدگی سے نہ سوچا تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا، ہر روز بگڑتے حالات تقاضا کر رہے ہیں کہ آنکھیں کھول کر دیکھا جائے، ملک اور عوام کا سوچا جائے۔ ایشیا میں ایل این جی کی سپاٹ قیمتوں میں اضافے نے موجودہ بے سمت حکومت کی کوتاہی بے نقاب کردی ہے، وقت نے ثابت کیا نوازشریف کے ایل این جی کی خریداری کے طویل المدت معاہدے درست فیصلہ تھا، نواز شریف نے ایل این جی کا 10 ڈالر پر معاہدہ کیاتھا، آج ایل این جی کی قیمت 56 ڈالر پر پہنچ چکی ہے۔