ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران اور اس کے پڑوسی ملک آذربائیجان کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ان کا ملک قفقاذ کے خطے میں جیوپولیٹیکل تبدیلیاں برداشت نہیں کر ے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بیان ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات میں آذربائیجان پر تنقید کرتے ہوئے دیا۔ عبداللہیان نے اسرائیل کے ساتھ آذربائیجان کے فوجی معاہدوں اور ایران کی شمالی سرحد کے قریب حالیہ دنوں میں کی جانے والی فوجی مشقوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خطے میں صیہونیوں کی موجودگی پر تشویش ہے۔