لاہور ہائیکورٹ نے کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک بند کرنے سے روک دیا

396

لاہور: ہائیکورٹ نے حکام کو میچز کے لیے مکمل ٹریفک بند کرنے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں کرکٹ میچز کی وجہ سے راستے بند کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی،  سی ٹی او لاہور ، ایس ایس پی ٹریفک ، پی سی بی حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جب ٹریفک بند کریں تو پندرہ لاکھ گاڑیاں پھنس جاتی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،  اس پر عدالت نے سی ٹی او سے استفسار کیا کہ یہ تو ڈومیسٹک کرکٹ ہے اتنا کیوں کر رہے ہیں، بین الاقوامی ٹیمیں ڈومیسٹک کے لیے ایسی سکیورٹی دیکھیں گی تو سوچ میں پڑجائیں گی۔

سی ٹی او نے کہا کہ ہم ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں، ایسے ایونٹ کے لیے ہمیں ہدایات حکومت سے آتی ہیں، اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک ایونٹ کے لیے اتنا سب کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، لوگوں کے کاروبار بند کرادیے اب کوئی اپنے حقوق کے لیے بھی نہیں آتا، پی سی بی بڑے ایونٹ کرواتا ہے، قذافی اسٹیڈیم کے پاس ہوٹل میں ٹیموں کو ٹھہرائیں۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ میں دو دن سے ٹریفک میں پھنس رہا ہوں، مجھے گھر جانے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے، اگر مریض نے ایمبولینس میں مرنا ہے یا ہمیں خوار ہونا ہے تو اس کی وجہ ہونی چاہیے، یہ وجہ کم از کم قومی مفاد ہونی چاہیے

جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ ایسی سکیورٹی توصدر کے لیے ہوتی ہے لیکن اب شہر کے ساتھ یہ نہیں ہو سکتا پلان بنانا ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ میچز کے لیے آپ ٹیموں کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے سگنل فری راستہ اختیار کریں، کیونکہ جو آلودگی ٹریفک بند ہونے سے پھیلے گی اسے سارا سیزن کنٹرول نہیں کرسکیں گے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ لاہور میں اسموگ شروع ہوچکا ہے لہٰذا ٹریفک بند نہیں ہونی چاہیے۔

بعد ازاں عدالت نے اس معاملے پر سیکرٹری داخلہ کو پیر کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔