سی پیک پر عالمی تھنک ٹینک کی رپورٹ حقائق کے منافی ہے،اسد عمر

184

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے عالمی تھنک ٹینک کے سی پیک سے متعلق قرضوں کے عدادو شمار اور رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹس حقائق کے منافی ہیں، پاکستان مخالف قوتیں پروپیگنڈا کر رہی ہیں کہ سی پیک سے متعلق قرضے خطرناک حد تک نہیں ہیں جبکہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کی بدولت بے شمار منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ کر کام جاری ہے، ہماری حکومت میں سی پیک کے زیادہ منصوبے شروع ہوئے ہیں جب کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سمیت دونوں ایوانوں کی الگ الگ کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں ،پاکستان کے اندر نئی صنعتوں کے نئے منصوبوں کے شروع ہوتے ہی ہزاروں ملازمتیں نکلیں گی ۔ اسد عمرنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پر دنیا کی نظر رہتی ہے اور کئی قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ یہ کامیاب نہ ہو،جنگ کے علاوہ ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے مایوسی پھیلے،دنیا کو یہ تاثر دیا جاسکے کہ مایوسی ہی ہے،کچھ ہمارے اپنے لوگ بھی اس پروپیگنڈے کا شکار ہو جاتے ہیں، امریکی کسی تھنک ٹینک کی رپورٹ کا حوالہ دیا جاتا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے معلومات نہیں دی جاتیں،سی پیک کے منصوبوں کی معلومات کئی مرتبہ دہرائی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا میں ٹیکنالوجی کا مقابلہ چل رہا ہے اور پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔