بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ترجیح ہے ،شاہ محمود

173

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+اے پی پی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر سردار اظہر طارق خان نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے مابین خوشگوار تعلقات ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارتی و اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئر مین پرویز اقبال لوسر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔پرویز اقبال لوسر نے بدھ کو وزارت خارجہ میں شاہ محمود سے ملاقات کی۔اس دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے جو دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی ظلم کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے،کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی و اخلاقی معاونت جاری رکھیں گے۔یہ بات انہوں نے وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارت عظمیٰ آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور وزیر خارجہ کو کامیاب دورہ امریکا کی مبارک باد دیتے ہوئے کشمیریوں کے جائز حق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا۔