اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ محافظ اداروں پر تنقید کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ طورخم اور چمن کے علاوہ افغانستان سے ملحقہ باقی5سرحدوں پر بھی آمدورفت کا جدید بائیو میٹرک نظام اور آن لائن ویزا شروع کیا جائے گا،ہزاروں لوگ پاکستان میں ویزالے کر آئے اور لاپتا ہو گئے،وہ مہلت سے فائدہ اٹھائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی، ملکی سلامتی کے محافظ اداروں پر تنقید کرنے والے اقتدار کے بھوکوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گاوہ اپنا ہی نقصان کریں گے، نواز شریف کی سیاست دم توڑتی نظر آرہی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی کوئی خبر نہیں، مفاہمت سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں، پنڈورا لیکس کی تحقیقات کا جواب نہیں دیں گے ان کو اداروں کے حوالے کریںگے۔