چیئرمین نیب کی مدت4برس ہے‘ توسیع نہیں ہو سکتی‘شازیہ مری

121

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کی مدت میں آرڈیننس کے ذریعے توسیع آئین اور قانون کو مسخ کرنے کے مترادف ہے،چیئرمین نیب کی مدت4برس ہے اور قانون کے مطابق اس مدت میں توسیع نہیں ہو سکتی۔ایک بیان میںشازیہ مری نے کہا کہ موجودہ چیئرمین نیب کو کرسی پر رکھنے کی خاطر پی ٹی آئی حکومت قانون توڑنا چاہتی ہے جب کہ ادارے شخصیتوں کے محتاج نہیں ہوتے ۔ شازیہ مری نے حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا پورے پاکستان میں کوئی ایسا شخص نہیں جو نیب کی سربراہی کر سکے؟ہم حکومت کو آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر پی ٹی آئی حکومت صرف انتقام لے رہی ہے،عدالت عظمیٰ نے بھی موجودہ نیب کو سیاسی انتقام کا ذریعہ قرار دیا جب کہ موجودہ چیئرمین نیب نے پی ٹی آئی حکومت کے وزیروں اور مشیروں کو ریلیف دیا ہے ،عمران خان کا ہیلی کاپٹر کیس اچانک بند،مالم جبا کیس سرد خانے میں، پشاور بی آرٹی اور راولپنڈی رنگ روڈ کا کیا ہوا ؟