لاہور(جسارت نیوز) کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کا دوسرا راؤنڈ مکمل ہوگیا ہے۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا۔ سینٹرل پنجاب کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ میزبان ٹیم نے خیبر پختونخوا کو جیت کے لیے دوسری اننگز میں 331 رنز دئیے تاہم میچ کے آخری روز کے پی نے 60 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ پہلی اننگز میں پانچ شکار کرنے والے محمد عرفان جونیئر نے دوسری اننگز میں بھی 34 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یاسر خان 83 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کامران غلام نے 46 اور نبی گل نے ناٹ آؤٹ 41 اسکور بنائے۔