ضلع دادو میں بے امنی برقرار، شہری اور صحافی غیر محفوظ

301

دادو (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں بے امنی برقرار، شہری اور صحافی غیر محفوظ پولیس امن کی بحالی میں ناکام ہوگئی ۔ڈسٹرکٹ پریس کلب کے اعلان پر شہریوں اور صحافیوں کی جانب سے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب صابر بھنڈ، غوث جہتیال، گلن بھنڈ، نیاز چانڈیو، صابر آرائیں، سرور جلال سولنگی، اشفاق ملک، ساجد علی، ارباب رستمانی رضوان منگی، کامران کورائی، دیدار شیخ سمیت دیگر نے کہا کہ دادو پولیس نے ضلع کو چوروں اور ڈاکوؤں کے حوالے کردیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 افراد سے مختلف مقامات پر موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتیں ہوئی ہیں پورے ضلعے میں ڈاکو راج قائم ہے پولیس امن کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ضلع میں امن کرنے بجائے بااثر شخصیات کے تحفظ میں انکے بنگلوں میں تعینات ہیں جس کے باعث ضلع کی عوام کو چوروں اور ڈاکوؤں کے حوالے کردیا گیا ہے مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی بے امنی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، شہریوں اور صحافیوں سے چھینی گئی موٹر سائیکلیں واپس کرائی جائیں بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔