لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس کے اندر احتساب کا عمل جاری، منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں ناقص کاکردگی پر 14 پولیس افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ اوز اور ہیڈ محررز سمیت دیگر پولیس افسران کو مختلف سزائیں دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او دڑی انسپکٹر رحیم بخش کلہوڑو، ہیڈ محرر دڑی اے ایس آئی سکندر علی بھٹی، اے ایس آئی حاکم علی شیخ، ایس ایچ او بقاپور انسپکٹر حسین علی بروہی، ہیڈ محرر اے ایس آئی گل حسن کھوکھر، اے ایس آئی رجب علی سیال، ایس ایچ او تعلقہ انسپکٹرخادم حسین مگسی، ہیڈ محرر عبدالرحمٰن شیخ، اے ایس آئی ایاز حسین شاہانی، ایس ایچ او کنگا اور سابق ایس ایچ او ڈوکری غلام سرور گوندل، ہیڈ محرر ڈوکری اے ایس آئی شیر کھکھرانی، اے ایس آئی شبیر کھوکھر کو دو دو سال فار فیوچر کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ واضح رہے کہ اسی ضمن میں دو پولیس اہلکاروں انعام علی کلہوڑو اور ریاض حسین سانگی کو بھی نوکریوں سے برطرف کیاجا چکا ہے۔