راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے افسران اور جوان اصلی ہیرو ہیں، ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وطن کیلئے جان کی قربانی سے بڑی کوئی چیز نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں فوجی جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف نے مختلف آپریشنز کے دوران بہادری پر جوانوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جوانوں اور افسران کی قربانیوں سے ملک میں امن و استحکام آیا ہے جبکہ ہمارے افسران اور جوان ہی اصلی ہیرو ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ مادر وطن کے لیے جان کی قربانی سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہے اور ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جبکہ تقریب میں بڑی تعداد میں فوجی افسران اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی۔