اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کے کم آبی وسائل والے ممالک میں شامل ہونے کا خطرہ ہے،ان حالات میں شجر کاری کا فروغ ہی اہم حکمت ہے۔منگل کوپاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈو فرانسسکو ساہورس نے اسلام آباد کے ارجنٹینا پارک میں منعقدہ تقریب میں یادگاری پودے لگائے۔تقریب میں وفاقی وزیر سید فخر امام، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل و دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹینا کے مابین گزشتہ70برس میں دو طرفہ تعلقات وسعت پذیر ہو ئے جو باہمی اعتماد ، احترام اور تعاون کا مظہر ہیں،پاکستان اور ارجنٹینا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کا کردار انتہائی اہم ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ کمیشن موجودہے۔